ایران اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کا امکان


روسی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ تہران اور ماسکو کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں بہت جلد شروع ہونے والی ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی نے روسی خبررساں اداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی مشقیں منعقد ہونے کا قوی امکان ہے۔

روسی روزنامہ "ایزویسٹیا" کےمطابق، روس کے وزیر دفاع "سرگئی شوئیگو" اور ایرانی فوجی کمانڈر بریگیڈیئر "ولی مدنی" جو روسی فوجی مقابلوں میں بھی شریک تھے، کے درمیان طے پایا ہے کہ عنقریب دونوں ممالک کی افواج مشترکہ مشقیں شروع کریں گی۔

واضح رہے کہ روس اس وقت بین الاقوامی فوجی مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے جہاں دینا بھر سے 19 ممالک کی 121 ٹیمیں ان مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

حالیہ برسوں میں روس  فوجی مشقوں کے انعقاد میں بہت فعال رہا ہے۔

حال ہی میں چین کی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ روس اور چین کی افواج ''بحیرہ جنوبی چین'' میں ستمبر کے مہینے میں  مشترکہ بحری مشقیں منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

چین اور روس کا خطےمیں مشترکہ مشقیں منعقد کرنے کا فیصلہ ایک ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ بین الاقوامی عدالت نے جنوبی چین میں واقع جزیروں کی ملکیتی دوعوؤں کو رد کر دیا ہے جبکہ چین نے بھی بین الاقوامی عدالت کی رائے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

یاد رہے کہ چین اور روس کے درمیان فوجی اور سفارتی اعتبار سے بہت اچھے تعلقات قائم ہیں، یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک عام طور پر اس قسم کی مشترکہ فوجی مشقیں کرتے رہتے ہیں۔