پاکستان میں تمام عقائد و مذاہب کے ماننے والے امن کے ساتھ رہتے ہیں


کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سے ان کے دفتر میں چائنا کمیٹی برائے مذہب و امن چین کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چین کے مسلم رہنما چائنا کمیٹی برائے مذہب و امن کے نائب صدر امام گوا چینگ زین Guo Chengzhen نے کی۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، وفد میں مسلم رہنما، بدھسٹ اور تاؤ ازم کے ماننے والوں سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان و عہدیدار شامل تھے۔ کمیٹی برائے مذہب و امن چائنا کے سیکریٹری جنرل مسڑ لاکین La Can بھی وفد میں شامل تھے، پاکستان میں ان کی معاونت کرنیوالے غیر سرکاری تنظیم ایشن کانفرنس برائے مذہب و امن پاکستان کے نمائندے خالد اکرام اور کو آرڈینٹر حنیف خان خرم اور ہما اکرام اللہ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

کمشنر  کراچی نے اس موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے چین کے وفد کے دورہ کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور چین عظیم دوستی کے مضبوط رشتہ میں منسلک ہیں، آپس میں ان کے درمیان دیرینہ اور ناقابل تسخیر برادرانہ تعلقات ان کے دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی مستحکم ہوگی اور آپس میں بردارانہ تعلقات اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے وفد سے کہا کہ پاکستان کے لوگ چین کی عوام کے لئے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور آپس میں دوستانہ و برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ امن پسند ہیں اور تمام کمیونٹیز اور عقائد و مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ ہم آہنگی اور امن کے ساتھ رہتے ہیں۔