پاکستان کا یورپی یونین کے ساتھ تجارت میں نمایاں اضافہ


پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ یورپی یونین کے شماریاتی ادارے یوروسٹیٹ کی جانب سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق2015ء میں تجارت کا مجموعی حجم 10 ارب 49 کروڑ 90 لاکھ یورو رہا جو 2013ء میں 8 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ اور 2014ء میں 9 ارب 60 کروڑ 30 لاکھ یورو تھا۔

2015ء میں پاکستان کی یورپی یونین کیلئے برآمدات کا حجم 6 ارب 7 کروڑ 10 لاکھ یورو تھا جبکہ درآمدات 4 ارب 42 کروڑ 80 لاکھ یورو رہیں۔

2016ء میں جنوری سے اگست کے دوران پاکستان کی برآمدات کی مالیت 4 ارب 8 کروڑ 70 لاکھ یورو رہیں جبکہ 2015ء میں اسی عرصہ کے دوران 4 ارب 8 کروڑ 80 لاکھ یورو کی مصنوعات برآمد کی گئی تھیں اس طرح 3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کیلئے پاکستان کی برآمدات کا بڑا حصہ ٹیکسٹائل، ملبوسات، جوتوں، کپاس، سرجری کے آلات، چمڑے اور کھیلوں کے سامان پر مشتمل تھا۔