صالحی: ایران قزاقستان سے 950 ٹن یلو کیک خریدنے کے درپے


ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ تہران مستقبل قریب میں قزاقستان سے 950 ٹن یلو کیک خریدے گا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا: یہ معاہدہ تین سالوں میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا جس کے تحت 650 ٹن کے دو کھیپ دو سالوں کے دوران ایران منتقل کئے جائیں گے جبکہ 300 ٹن تیسرے سال قزاقستان سے درآمد کئے جائیں گے جسے UF6 یعنی یورینیم ہیکسا فلورائیڈ گیس میں تبدیل کر کے دوبارہ قزاقستان کو بیچا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ گروپ کے 5 ممبر ممالک نے پہلے ہی اپنی رضامندی دستاویزی طور پر فراہم کر دی ہے، لیکن ایران کو فقط برطانیہ کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔

صالحی نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایران مختلف ممالک سے یلو کیک خریدنے کے لئے گفتگو کر چکا ہے، اسی زمرے میں 2 ہفتے قبل روس سے 149 ٹن یورینیم ایران پہنچا ہے۔

اس کھیپ کے ساتھ ہی ایران کے یورینیم درآمد کیے گئے ذخائر 382 ٹن ہو گئے ہیں۔

اے ای او آئی کے سربراہ کے معاون خاص اصغر زارعی نے 7 فروری کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ روس کی جانب سے ایران کو 149 ٹن یلوکیک کی آخری کھیپ جے سی پی او اے کے پروگرام کے تحت بھجوائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے 5 مستقل ممبر ممالک امریکہ، فرانس، برطانیہ، روس اور چین کے ساتھ ساتھ جرمنی کے ساتھ مل کر 14 جولائی 2015 میں جے سی پی او اے کے جوہری معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اس جوہری معاہدے کی رو سے ایران پر سے ایٹمی پابندیاں ہٹانے کے عوض اس کو اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنا تھا۔

واضح رہے کہ آئی اے ای اے نے اپنی تازہ سہ ماہی رپورٹ میں اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ ایران نے اپنے جوہری معاہدے کی پوری پاسداری کی ہے اور اس سے ذرا بھی تجاوز نہیں کیا ہے۔