بھارت اور امریکہ دونوں پاکستان میں انتشار چاہتے ہیں, مولانا سمیع الحق


جے یو آئی (س) کے سر براہ نے اس بیان کیساتھ کہ بھارت اور امریکہ دونوں پاکستان میں انتشار چاہتے ہیں، تاکید کی کہ حکمرانوں کو اقتدار بچانے کی بجائے ملکی سالمیت اور خودمختاری کو سامنے رکھ کرفیصلے کر نا ہوں گے ورنہ قوم اور تاریخ انکو معاف نہیں کریگی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جے یو آئی (س) کے سر براہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکہ دونوں پاکستان میں انتشار چاہتے ہیں، حکمرانوں کو اقتدار بچانے کی بجائے ملکی سالمیت اور خودمختاری کو سامنے رکھ کرفیصلے کر نا ہوں گے ورنہ قوم اور تاریخ انکو معاف نہیں کریگی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں جو بھی ملوث ہیں انکے خلاف ایکشن لیا جائے مگر کسی بے گناہ کو نشانہ نہیں بننا چاہیے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے جے یوآئی (س) کے سر براہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ پاکستان دشمن ممالک ہر وقت سازشیں کرتے ہیں جن کو ناکام بنانے کیلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ حکمران ملکی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں اور ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنا یا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردوں کو انسانیت سے کوئی تعلق نہیں اور جہاں بھی دہشت گرد ہوں انکے خلاف ایکشن ہونا چاہیے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے مگر دہشت گردی کی آڑ میں کسی بے گناہ کو نشانہ نہیں بننا چاہیے۔