پولیو ٹیم پر ایک بار پھر حملہ؛ سپروائزر جاں بحق


بنوں کے علاقے قرم گڑھی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو سپر وائزر جاں بحق ہو گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قرم گڑھی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیو ٹیم کے سپر وائزر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم کے سپر وائزر کو موبائل شاپ پر نشانہ بنایا گیا تاہم اسکی لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردی گئی ہے اور ملزمان کی شناخت کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پولیو ٹیم کے خلاف یہ پہلی کارروائی نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ تاحال پولیو ٹیم کے اغوا کے پیچھے مقاصد ابھی ظاہر نہیں ہوئے ہیں، تاہم خیال رہے کہ آج بھی کے پی کے اور فاٹا میں اسامہ بن لادن کے حامی لوگ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے والوں کے خلاف ہیں۔

پاکستان میں موجود دہشتگرد گروہ اسامہ بن لادن کی مخبری کا بہانہ بناکر ہیلتھ ورکرز پر حملے کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہ ٹیمیں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ملک کے کونے کونے تک پولیو کے قطرے پہنچاتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2011ء میں ڈاکٹر شکیل آفریدی نے پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کا حصہ بن کر ایبٹ آباد میں امریکہ کے لئے اسامہ بن لادن کی مخبری کی تھی۔

اس وقت شکیل آفریدی پشاور میں 33 سال کی جیل کاٹ رہا ہے جس کی وجہ سے پاک امریکہ تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

امریکہ نے سال 2014ء میں پاکستان کو ملنے والی 33 میلین ڈالر امداد کو شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کیا تھا۔