وزیر اعظم پاکستان کا عید الاضحیٰ کے موقع پر تہنیتی پیغام


وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے.

خبر رساں ادارہ تسنیم: وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دِن اِن عظیم شخصیات نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی تھی، یہ عمل خالق کائنات کو ایسا پسند آیا کہ اسے تا قیامت امت محمدی کےلئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دےدیا۔

وزیر اعظم پاکستان کا اپنے تہنیتی پیغام میں کہنا تھا کہ میں عیدالاضحی کے موقع پر تمام اہلِ وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ آپ سب کی زندگی میں اِس طرح کی خوشی کے مواقع بار بار آتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ ہر مسلمان اپنی توفیق اور استطاعت کے مطابق قربانی کرتا ہے.

دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک اخلاقی سربلندی حاصل نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار و قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔ قربانی کا مقصدانسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔ یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنتا ہے جو کسی آزما ئش یا تکلیف دہ لمحات و حالات میں صبرو تحمل کا راستہ اختیار کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ قربانی کا جذبہ ہر قسم کی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا نام ہے۔جو قومیں اِن اوصاف کی حامل ہوتی ہیں وہی قومیں باہمی احترام اور اتحاد کے ساتھ خوشحالی کی منازل طے کر پاتی ہیں.

انہوں نے کہا کہ آج وطنِ عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندانہ سوچ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اِن مشکل حالات میں ہمیں جذبہ ایثاروقربانی، اخوت و بھائی چارہ، مذہبی رواداری، امن و آشتی اور پیار و محبت کے پرچار اور اِن پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، ہمیں محدود علاقائی، ذاتی، نسلی او ر بلاوجہ کے تعصبات اور نفرتوں کو خیرباد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کےلئے کام کرنا چاہئے، یہی سیدھی راہ اور وقت کی آواز ہے۔