جنوبی افغانستان میں پولیس ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ


افغان سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ قندھار صوبے کے سپین بولدک پولیس کمانڈ سنٹر پر کئی خودکش بمباروں نے حملہ کیا ہے.

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے صوبے قندھار کے سپین بولدک پولیس اسٹیشن پر 4 خودکش بمباروں نے حملہ کرکے تباہی مچا دی ہے۔

قندھار پولیس کے ترجمان «ضیادرانی» کا کہنا ہے کہ پولیس کے مرکزی دفتر پر ہونے والے خودکش حملوں میں کم ازکم 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، پہلے ایک خودکش بمبار نے پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر خود کو اڑا دیا جس کے بعد باقی خودکش بمبار عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

طالبان نے خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

طالبان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس طالبان کے مسلح خودکش بمباروں نے پولیس کے مرکز پرحملہ کرکے دسیوں اہلکاروں کو ہلاک یا زخمی کیا ہے۔

طالبان کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ شام کے کھانے میں مصروف تھے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حملوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس ملک میں موجود بین الاقوامی افواج تماشائی بنی ہوئی ہے۔