اقوام متحدہ کی افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستانی عوام اور حکومت کی تعریف


پناہ گزینوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارے نے گزشتہ چارعشروں کے دوران لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پرپاکستان کی عوام اور حکومت کوسراہاہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یواین ایچ سی آر کی نمائندہ مِز رونڈیرینی مینیکڈیویلا نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر افغان پناہ گزینوں اورپاکستان میں ان کے میزبان خاندانوں سے تعاون کرنے پرزوردیاہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر روشن خورشید بروچہ نے کہاکہ پاکستان نے ملک میں افغان پناہ گزینوں کے تحفظ کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی پر عدم توجہ کے باعث پاکستان متاثر ہواہے۔

وفاقی وزیر نے افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک میں رضاکارانہ طور پرمحفوظ اور باعزت واپسی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان میں جرمنی کے ترقی اور تعاون کے ادارے کے کنٹری ڈائریکٹر ٹوبیاس بیکر نے کہاکہ جرمنی دنیا میں پناہ گزینوں کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔