عید الاضحیٰ کے موقع پرصدرِپاکستان اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام


اسلام آباد : صدر ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی تسلیم ورضا کی یاد گار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت وایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عیدالاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کرعمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پروزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قربانی کا مقصد خود کو رب کریم کے حکم کے تابع کرنا ہے، اس کا مقصد خواہشات ومفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنت ابراہیمی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہرشعبے میں ایثار وقربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی اور اجتماع فلاح وبہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں معاشی طور پرپیچھے رہ جانے والوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔