ایران روز اول سے شامی بحران کے سیاسی حل کی کوشش کرتا رہا ہے، ظریف


اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کاکہنا ہے کہ تہران شامی بحران کے سیاسی حل کا خیرمقدم کرتا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے فرانسیسی جریدے لافیگارو کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ تہران شروع ہی سے بحران شام کے سیاسی حل پر زور دیتا آیا ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران پر فوجی اقدامات کے ذریعے شام کی صورتحال کو بحرانی بنانے کا الزام لگایا جاتا ہے جو سراسر بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران شام میں انتخابات کے انعقاد کے ذریعے معاملے کو سیاسی طریقے سے حل کیے جانے کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پناہ گزینوں سمیت تمام شامی شہریوں کو آزادانہ طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔

جواد ظریف نے کہا کہ روس اور ترکی کے ساتھ ساتھ ایران بھی شام میں جنگ بندی کے ضمانت فراہم کرنے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس ایران کا ایک غیر معمولی سیاسی اور تجارتی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی طرح روس کو بھی امریکی پابندیوں کا سامنا ہے لہذ وہ ایران کی مشکلات کو پوری طرح سے محسوس کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ ایران کے ہمسایہ ممالک کو تہران کے بائیکاٹ پر آمادہ کیا جائے لیکن اس کی کوشش ناکام رہی ہے۔