کرونا| احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی، متعدد مارکیٹیں اور صنعتیں سربمہر


پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر 709 مارکیٹیں، دکانیں اور 2 صنعتوں کو سیل کر دیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے 7 ہزار 472 واقعات رپورٹ ہوئے۔

کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے بنائی گئی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 516 گاڑیوں کو جرمانہ یا سیل کیا گیا جبکہ اسلام آباد میں 13 خلاف ورزیاں پر 2 دکانیں اور 2 کارخانے سیل کیے گئے۔

خیبر پختونخوا میں ایس او پیز کی 4 ہزار 19 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جبکہ 102 گاڑیاں اور 212 دکانوں کو سیل یا جرمانے کیے گئے۔ پنجاب میں ایک ہزار 823 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں‎ ‎جس میں 293 دکانیں اور 942 گاڑیاں سیل کی گئیں۔

اسی طرح آزاد کشمیر میں ایس او پیز کی 532 خلاف ورزیاں ہوئیں جس میں 263 گاڑیوں اور 57 دکانوں کو سیل یا جرمانہ عائد کیا گیا۔ بلوچستان میں 892 ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کی ہوئیں جس میں 177 گاڑیوں اور 81 دکانوں کو سیل یا جرمانہ عائد کیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق گلگت بلتستان میں 193 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں جس میں 60 مارکیٹوں اور دکانوں کو جرمانے یا سیل کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے مخصوص اوقات میں مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی تھی۔

لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی ملک بھر میں دکانوں کے شٹر کھل گئے اور بازاروں میں لوگوں کا رش لگ گیا تاہم متعدد جگہوں پر کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو نہیں اپنایا گیا۔

کاروبار کھولنے سے قبل حکومتی ہدایت نامہ بھی دیا تھا جس کے تحت دکاندار اپنی دوکانوں میں زیادہ رش نہ کریں، سماجی فاصلہ کے اصول پر عملدرآمد اور دوکانوں میں سینیٹائزرز کا موجود ہونا یقینی بنایا جائے۔

ایس او پیز کے تحت کاروباری مراکز میں عملہ محدود رہے گا، سارے عملے کے لیے گلوز اور ماسکس پہننا بھی ضروری ہو گا۔