مقبوضہ کشمیرمیں مزید دوجوان شہید


مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مسلح افواج کے اہلکاروں نے فائرنگ کرکے دوجوانوں کو شہید کردیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کشمیری ذرائع کا کہنا ہے کہ نام نہاد سرچ آپریشن دوران مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا، اس دوران مریضوں کے لیے ایمبولینس کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

کشمیری ذرائع نے خبر دی ہے کہ بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا، بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا اور نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے اپنے ہمرا لے گئے جن میں سے دو نوجوانوں کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔

بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 سے تجاوز کر گئی ہے، گزشتہ برس 54 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا جب کہ وادی بھر میں بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔