پاک افغان سرحد سے غیر قانونی نقل و حرکت کا سدباب کریں گے، جنرل باجوا


آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے داواتوئے سیکٹر کا دورہ کیا جہاں سرحدی نگرانی اور امن اقدامات کو مستحکم بنانے کا کام جاری ہے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ  پاک افغان  سرحد کے  ان علاقوں میں استحکام کے اقدامات کی بدولت ان ناقابل رسائی علاقوں میں  بھی  غلبہ حاصل کر لیا گیا جنہیں دہشت گرد اپنی کمین گاہوں میں بدل کر وہاں سے مقامی آبادی اور سکیورٹی فورسز کی عقبی پوزیشنوں کے خلاف کارروائیاں  کرتے تھے۔

پاک فوج کے سربراہ  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے  کہ دشمن ملک میں انتشارپھیلانےکی بھرپورکوشش کررہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاک فوج کے سربراہ  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے  کہ دشمن کی طرف سے  انتشار پیدا کرنے اور آپریشن ردالفساد کے ثمرات ضائع کے عزائم ناکام بنانے کیلئے ہمیں ثابت قدم  اور چوکنا رہنا ہوگا۔

ان علاقوں میں کارروائیوں کے دوران نوے سے زائد آئی ای ڈیز برآمد کر لی گئیں۔ سرحد کے اس دشوار گزار علاقہ میں باڑ کی تنصیب جلد شروع ہو جائے گی۔

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں بین الاقوامی سرحد کے باقی ماندہ علاقہ کا بھی موثر کنٹرول  حاصل کر لیا ہے۔ اس کنٹرول کی بدولت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آبادی کو مزید تحفظ حاصل ہو گا  اور سرحد سے غیر قانونی  نقل و حرکت کا مزید سدباب ہو گا۔

 آرمی چیف کو پاک افغان  سرحد پر باڑ کی تنصیب سمیت امن کو مستحکم کرنے کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

فوجی دستوں کے ساتھ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ان کی  قابل  تعریف  آپریشنل کارکردگی اور عمدہ مورال کو سراہا۔ ان کارروائیوں کیلئے قبائلی عوام کی غیرمتزلزل حمایت  کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ان علاقوں میں کافی حد تک امن بحال ہو گیا ہے۔ تاہم  مشکل سے حاصل کی گئی  اس کامیابی  کو برقرار رکھنے کیلئے  مقامی عوام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ  کے اشتراک کار کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے امن اور استحکام کا عزم کر رکھا ہے۔ اسی لئے پاکستان سرحد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف سی کی استعداد کو ٹھوس بنا کر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دشمن  کی طرف سے آپریشن ردالفساد  کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں کو ضائع کرنے اور انتشار  پیدا کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے  ہمیں  چوکس اور  ثابت قدم رہنا ہو گا۔