ڈھاکا حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، وزارت خارجہ


ڈھاکا حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں، وزارت خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ڈھاکا میں دہشت گردی کے حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی میڈیا کے الزامات کو بے بنیاد ، غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قراردیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے

تسنیم نیوز ایجنسی: دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستانی میڈیا کے الزامات افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان الزامات کی کوئی حقیقت نہیں اور پاکستان ایسے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

اکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ نے بنگلا دیشی وزیراعظم کے مشیر پروفیسر گوہر رضوی کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے ڈھاکا حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے حوالے سے ان سے منسوب بھارتی میڈیا کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی میڈیا کی شرانگیزی کا واضح ثبوت ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ نے بنگلہ دیش میں قائم پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطہ کرکے تردید کی کہ انھوں نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کا بیان جاری نہیں کیا اور ہندوستانی میڈیا میں ان کے حوالے سے جاری بیان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم  خود دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہونے کی حیثیت سے پروفیسر گوہر رضوی کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون پر زوردینے کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔

خیال رہے کہ ہندوستانی میڈیا نے گذشتہ روز رپورٹ کیا تھا کہ بنگلہ دیشی وزیراطلاعات حسن الملک اور وزیراعظم کے مشیر گوہر رضوی نے ڈھاکا حملوں کا ذمہ دار پاکستان اور اس کی خفیہ ایجنسی انٹر سروس انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کو ٹھہرایا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری