پاکستان میں جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ وزیراعظم کی ڈکٹیٹرشپ سے خطرہ ہے


پاکستان میں جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ وزیراعظم کی ڈکٹیٹرشپ سے خطرہ ہے

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں فوج آئی تو عوام جشن منا کرمٹھائیاں بانٹیں گے جبکہ اس ملک میں جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ وزیراعظم کی ڈکٹیٹرشپ سے خطرہ ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ترکی میں فوج کے ایک گروپ کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان میں فوج ایسی کوشش کرتی تو مٹھائیاں تقیسم کی جاتیں۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع میر پور کی تحصیل چک سواری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خان کا کہنا تھا کہ ترکی میں عوام جمہوریت بچانے کے لیے سڑکوں پر نکلی اور جمہوریت کو بچایا۔

انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ ترکی کے لوگوں نے جمہوریت کوکیوں بچایا؟ کیونکہ ترک صدر اردگان نے عوام کی خدمت کی تھی، ترکی کے سارے قرضے ختم کیے، ملکی دولت کو بڑھایا، عوام کے لیے خوشحالی لے کر آیا، تعلیم پر اس نے پانچ گنا زیادہ پیسہ خرچ کیا اس لئے عوام نے اس پر اعتماد کرتے ہوئے بغاوت کو کچل دیا۔

عمران خان نے ملکی سیاست پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے بجائے اگر پاکستان میں فوج آجائے تو لوگ مٹھائیاں تقسیم کریں گے۔

انہوں نے تاکید کی کہ اگر پاکستان میں فوج آجائے تو مٹھائیاں بانٹی جائیں گی، لوگ خوشیاں منائیں گے، جشن منائیں گے کیونکہ اردگان نے اپنے ملک کی دولت بڑھائی ہے لیکن پاکستانی وزیراعظم نے ملک کو لوٹ کراپنی ذاتی دولت میں اضافہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کو فوج سے نہیں بلکہ وزیراعظم کی ڈکٹیٹرشپ سے خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جمہوریت کو فوج سے خطرہ نہیں ہے، ہماری جمہوریت کو نواز شریف کی ڈکٹیٹر شپ اور بادشاہت سے خطرہ ہے۔ یہاں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کی گئی ہے، جمہوریت کے نام پر اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ٹیکس اس لیے نہیں دیتے کیونکہ ان کے پیسے سے حکمران بادشاہوں کی طرح رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں فوج آتی ہے لوگ جشن مناتے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے ترکی میں ایک فوجی گروپ نے اردگان حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی تھی جسے عوامد طاقت نے مظاہروں کے ذریعے ناکام بنادیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری