نواز شریف: مسئلہ کشمیر، ہندوستان کا اندرونی معاملہ نہیں ہے


نواز شریف: مسئلہ کشمیر، ہندوستان کا اندرونی معاملہ نہیں ہے

وزیراعظم پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کشمیر میں ہندوستانی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہندوستان کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قومی سلامتی کمیٹی کا ایک غیر معمولی اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اس اجلاس کے دوران سیاسی اور عسکری حکام نے ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی۔

پاکستان کے سیاسی اور عسکری حکام نے اس اجلاس میں ہندوستان پر واضح کردیا کہ مسئلہ کشمیر اس ملک کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

ڈاون نیوز کے مطابق، اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال کو ہندوستان کی طرف سے اندرونی معاملہ قراردینا حقیقتاً غلط ہے اور ہندوستان کا یہ موقف عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں جو جدوجہد چل رہی ہے وہ ان کی اپنی اور قانونی ہے، ہندوستان طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، جس کے مطابق کشمیر میں شفاف اور غیرجانبدار رائے شماری کرائی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام سے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی تعاون جاری رکھے گا۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کونسل سے رابطے کا فیصلہ اور او آئی سی کے فورم سے فیکٹ فائنڈنگ مشن ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر بھجوانے کا مطالبہ بھی کیا گیا، جو بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور ان کو اندھا کرنے کے لیے بیلٹ گن کے استعمال کی تحقیقات کرے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی برادری ہندوستانی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

رواں ماہ 8 جولائی کو حریت کمانڈر برہان وانی کی ہندوستانی فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد کشیدہ ہونے والی صورتحال کئی دن گزر جانے کے بعد بھی ٹھیک نہ ہوسکی۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس سے پہلے مسئلہ کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔

بھارتی وزیر داخلہ کشمیری بھارتی ہیں جبکہ پاکستان ان کو گمراہ کر رہا ہے۔

بھارتی ایوان بالا میں دیئے گئے اس بیان میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے کردار کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا کشمیریوں کے محافظ ہونے کا دعوی بے بنیاد ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری