"گولن" کی عدم حوالگی پر "اردوغان" کی امریکہ سے ناراضگی


"گولن" کی عدم حوالگی پر "اردوغان" کی امریکہ سے ناراضگی

ترک صدر نے امریکہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر "فتح اللہ گولن" کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے.

تسنیم نیوز ایجنسی نے خبر رساں ادارے "سی این این" سے نقل کیا ہے کہ ''رجب طیب اردوغان'' نے کہا ہے کہ جن ملکوں کو ہم اپنا دوست سمجھتے ہیں وہ باغیوں اور دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کرتے نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمارا کس قسم کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے جس نے گولن جیسے باغی کو پناہ دے رکھی ہے۔

ترک عدلیہ کے وزیر'' بکیر بوزدک'' کا کہنا ہے کہ انہوں نے دوبارہ امریکہ سے گولن کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترک حکومت کا دعویٰ ہے کہ گذشتہ ماہ حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے پیچھے امریکہ میں جلاوطنی اختیار کرنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن کا ہاتھ ہے تاہم وہ اس الزام سے انکار کرتے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے پہلے ہی امریکہ سے کہا تھا کہ اگر گولن کو ترک حکومت کے حوالے نہیں کرتا تو دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ترکی میں رواں مہینے بغاوت کی ناکام کوشش کی گئی تھی جس میں سینکڑوں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری