پاکستان کا 70واں یوم آزادی; شہر شہر جشن، گلی گلی چراغاں


پاکستان کا 70واں یوم آزادی; شہر شہر جشن، گلی گلی چراغاں

گذشتہ سالوں کی طرح رواں سال بھی ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کے مظاہرے کرکے آزادی کے دن کو خوش آمدید کہا گیا جبکہ علی الصبح قائد اور شاعر مشرق کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رات 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کے مظاہرے کرکے آزادی کے دن کو خوش آمدید کہا گیا جس کی وجہ سے آسمان پر کچھ وقت کے لئے روشن دن کا گمان رہا۔

کراچی، اسلا م آباد اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور فضا پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

اس موقع پر موٹرسائیکل اور گاڑیوں میں سوار منچلوں نے قومی پرچم تھامے رکھے تھے جبکہ بیشتر افراد نے اپنی گاڑیوں کو بھی قومی پرچم سے سجا رکھا تھا۔

بچوں اور بڑوں نے جشن آزادی کی خوشی میں سبز رنگ کے لباس زیب تن کررکھے تھے۔ وہ خصوصی طور پر چہروں پر قومی پرچم بناکر اپنی خوشی کا اظہار کررہے تھے۔

یوم آزادی کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21  توپوں کی سلامی سے ہوا۔

نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی، یکجہتی و استحکام، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد جب کہ لاہور میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستان نیول اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزار کی سیکیورٹی کے فرائض سنبھال لئے۔ کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور"عدنان احمد" نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مراز قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ کموڈور عدنان نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

دوسری جانب یوم آزادی پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت اہم شہروں میں موبائل فون سروس دوپہر 2 بجے تک بند رہے گی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے کم از کم 40 شہروں میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، سبی، سرگودھا اور سکھر سمیت آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

ہمیشہ کی طرح اس سال بھی یوم آزادی کو پورے جوش و جذبے کے ساتھ منا کر پاکستانی عوام وطن سے اپنی بےلوث اور بےپناہ محبت کے ساتھ ساتھ اپنے زندہ اور با وقار قوم ہونے کا بھی ثبوت دے رہی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری