قوم کی وہ 10 بیٹیاں جن پر ہر پاکستانی کو ناز ہے


قوم کی وہ 10 بیٹیاں جن پر ہر پاکستانی کو ناز ہے

آج کی دنیا میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملک کی ترقی میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ دنیا کے تمام شعبوں میں خواتین کسی بھی طرح مردوں سے پیچھے نہیں ہیں اور خصوصا اگر پاکستانی خواتین کا تذکرہ ہو تو انہوں نے ہمیشہ وطن عزیز کے لئے باعث فخر بن کر دنیا کے سامنے درخشاں مثال قائم کئے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی نے اکسپریس ٹریبون کے حوالے سے قارئین کی خدمت میں پاکستان کی قابل فخر بیٹیوں کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ پیش کی ہے جنہوں نے گذشتہ سال نہ صرف اپنا بلکہ پاکستان کا بھی نام پوری دنیا میں روشن کیا۔

1۔  سیدہ غلام فاطمہ
جبری مشقت کے خلاف مزدوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی سیدہ غلام فاطمہ بانڈڈ لیبر لیبریشن فرنٹ پاکستان (بی ایل ایل ایف) کی جنرل سیکریٹری ہیں۔ سیدہ کو اپنے خدمات کے اعتراف میں ستمبر 2015ء میں "کلنٹن گلوبل سٹیزن ایوارڈ 2015ء" سے نوازا گیا۔

2۔  مریم مختار شہید
پاکستان کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار شہید جن کا تربیتی طیارہ نومبر 2015ء میں میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ 24 سالہ خاتون پائلٹ جام شہادت نوش کرکے ہمیشہ کے لئے امر ہو گئیں۔

3۔  منیبہ مزاری
خواتین کے مساوی حقوق کے لئے کام کرنے والی منیبہ مزاری،  دسمبر2015ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کی پہلی سفیر نامزد ہوئیں۔  منیبہ مزاری نے اپنے ٹوئیٹ پیغام میں کہا کہ ہمیں مرد اور عورت دونوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے لیکن اگر ہم ایک عورت کو تعلیم دیتے ہیں تو یہ ایک پوری نسل کو تعلیم دینے کے مترادف ہے۔

سمیعہ عارف
پچھلے یوم آزادی پر ٹیکسی فیبرک  کے لئے سمیعہ عارف کی ڈیزائن کی ہوئی گاڑی کو نہ صرف دنیا بھر میں سراہا گیا بلکہ جنوری 2016ء میں کوڈ پلے کی ویڈیو "ھیمن فار دی ویک اینڈ" میں بھی دکھایا گیا۔

ڈاکٹر نرگس مہالوالہ
پاکستان کے شہر لاہور میں پیدا ہونے والی پی ایچ ڈی ڈاکٹر نرگس مہالوالہ نے ممتاز سائنسدان البرٹ آئین سٹائین کی 1915ء کی جنرل تھیوری آف ریلیویٹی پر کام کرکے خاطر خواہ پیش رفت حاصل کی۔ ان کے کام نے اس زمرے میں آنے والی سائنسدانوں کے لئے تحقیق اور جستجو کی نئی راہیں ہموار کر دیں۔

فضہ فرحان
بخش فاونڈیشن کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) اور بخش انرجی کی ڈائیریکٹر فضہ فرحان کو اقوام متحدہ کی پہلی ہائی لیول رکنیت کے لئے منتخب کیا گیا جو کہ پوری قوم کے لئے بجا طور پر قابل فخر بات ہے۔  اس کے علاوہ 2015ء میں ان کا نام فوربز میگزین  کی 30 انڈر 30 شخصیات کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔

7۔   شرمین عبید چنائے
28 فروری 2016ء میں شرمین عبید چنائے 2 آسکر ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔  انہوں نے پاکستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بنائی تھی جس میں ایک جواں سال لڑکی کو اسی کے خاندان والوں نے غیرت کے نام پر چہرے پر گولی مار کرقتل کر دیا تھا۔

رخسانہ پروین اور صوفیہ جاوید
رخسانہ پروین اور صوفیہ جاوید 2016ء کی ساؤتھ ایشیا گیمز کے باکسنگ کے مقابلوں میں   میڈل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون قرار پائیں۔

9۔  منہال سہیل
21 سالہ منہال سہیل پاکستان کی جانب سے ریو اولمپکس 2016ء میں حصہ لینے والی پہلی خاتون ہیں۔ ہر چند کہ وہ میڈل نہ جیت پائیں مگر رئیو اولمپکس 2016ء میں حصہ لینا بذات خود کسی اعزاز سے کم نہیں۔

10۔ اقرا سلیم خان
یونیورسٹی لاہور کی طالبہ اقرا سلیم خان نے یونیورسٹی آف لندن کے ایل ایل بی کے امتحانات میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے دنیا میں نہ صرف اپنا بلکہ اپنے وطن کا بھی نام روشن کیا۔

ان تمام خواتین نے اپنے اپنے شعبوں میں مہارت حاصل کرکے اپنے خاندان اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا اور یہ بھی ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین دنیا کے کسی بھی ملک کی خواتین سے پیچھے نہیں ہیں۔ ذرا سی حوصلہ افزائی اور سرپرستی ہی ان کے لئے کافی ہے۔
بقول شاعر ۔۔۔ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری