باب دوستی پر پاکستان کا پرچم نذر آتش، پاک افغان سرحد بند


باب دوستی پر پاکستان کا پرچم نذر آتش، پاک افغان سرحد بند

پاکستان انتظامیہ نے افغان مظاہرین کے باب دوستی پر پتھراؤ اور سبز ہلالی پرچم کو نذر آتش کرنے پر افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد بند کر دی ہے جس کے سبب نیٹو سپلائی سمیت ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، افغان مظاہرین کے باب دوستی پر حملے، گیٹ توڑنے کی کوشش اور سبز ہلالی پرچم  کو نذر آتش کرنے کے واقعے کے ردعمل میں پاکستانی حکام نے فقط پاک افغان سرحد کو بند کر دینا ہی کافی سمجھا۔

خبررساں ادارے سچ ٹی وی کے مطابق، یہ واقعہ تب پیش آیا جب بھارتی وزیراعظم  نریندر مودی کے متنازع بیان کے خلاف بلوچستان میں عوام نے ایک احتجاجی ریلی نکالی اور  بھارت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاک افغان سرحد تک جاپہنچے۔

دوسری جانب افغان شہریوں نے بھی ملک کی97 سالہ یوم آزادی کے موقع پر ایک ریلی نکالی اور سرحد پر باب دوستی کے سامنے اکھٹے ہو گئے۔

جانے یہ پاکستانیوں کے بھارت خلاف نعروں کا ردعمل تھا یا کیا تاہم افغانیوں کی جشن آزادی کی ریلی اچانک پاکستان کے خلاف احتجاجی ریلی میں تبدیل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق، افغان مظاہرین نے پتھراؤ کرکے نہ صرف باب پاکستان کے شیشے توڑ دیئے بلکہ دروازہ توڑنے کی بھی کوشش کی۔

صرف اسی پر اکتفا نہ کرتے ہوئے افغانی مظاہرین نے پاکستانی پرچم بھی نذر آتش کر دیا۔

اپنے ملک کی پہچان پاکستانی پرچم کو جلتا دیکھ کر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی حکام نے غیر معینہ مدت کے لئے  پاک افغان سرحد کو بند کر دیا۔

واضح رہے کہ افغانی ریلی کی وجہ سے باب دوستی پہلے ہی بند کر دیا گیا تھا۔

پاک افغان سرحد بند ہونے کی وجہ سے نیٹو سپلائی سمیت تمام تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، روزانہ کی بنیاد پر ہزارسے 15 ہزار تک گاڑیاں افغانستان سے چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوتی ہیں جن کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ایک بڑے پیمانے پر تجارت ہوتی ہے تاہم اس افسوسناک واقعے کے بعد سرحد بند ہو جانے کی وجہ سے یہ تجارتی سرگرمی بھی بند ہو گئی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری