ترکی؛ شادی کی تقریب میں خوفناک دھماکے سے 30 افراد جاں بحق


ترکی؛ شادی کی تقریب میں خوفناک دھماکے سے 30 افراد جاں بحق

ترکی کے شہر غازی انتیپ میں ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 30 افراد ہلاک جبکہ 94 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، دھماکہ شام کی سرحد کے قریب واقع ترکی کے شہر غازی انتیپ میں ایک شادی کی تقریب میں ہوا جس کے نتیجے میں شادی کا گھر پلک جھپکنے میں ماتم کدے میں تبدیل ہو گیا۔

افسوسناک واقعے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 94  سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، ترک صدر نے اس دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم پر حملہ کرنے والوں کے لئے ہمارے ملک اور عوام کی جانب سے فقط ایک پیغام ہے کہ ایسے عناصر اپنی مذموم ایداف میں ہرگز کامیاب نہ ہو سکیں گے۔

دوسری جانب، ترکی کے نائب وزیراعظم محمد سمسیک نے کہا ہے کہ یہ دھماکہ ہمیں ڈرانے کے لئے کیا گیا ہے لیکن ہم کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے۔

غازی انتیپ کے گورنر علی یرلی کایا نے بھی اس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق، حکمران جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن اسمبلی محمد اردوگان کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ابھی واضح نہیں ہو پایا ہے کہ اس بزدلانہ کارروائی کے پیچھے کون ہے البتہ حملے کے انداز سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا۔

انہوں نے اس حملے میں داعش کے ملوث ہونے کے خدشے کا بھی اظہار کیا۔

ترکی ان دنوں بری طرح سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے اور گذشتہ چند ماہ میں ترکی میں کئی بم دھماکے ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ استنبول کے دو بڑے بم دھماکوں کی ذمہ داری داعش قبول کر چکی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری