25 اگست؛ طاہرالقادری کی تحریک قصاص کے آغاز کا دن


25 اگست؛ طاہرالقادری کی تحریک قصاص کے آغاز کا دن

عوامی تحریک کے کارکنان تحریک قصاص کے آغاز ہی میں 25، 26 اور 27 اگست کو پنجاب جبکہ 29 اگست کو بلوچستان میں احتجاج کریں گے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے  تحریک قصاص کے اگلے مرحلے میں ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان تحریک قصاص کے اگلے مرحلے میں 25، 26 اور 27 اگست کو پنجاب جبکہ 29 اگست کو بلوچستان میں احتجاج  کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، تحریک قصاص، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سربراہی میں 25 اگست کو ملتان، 26 اگست کومظفرگڑھ، 27 اگست کو گوجرانوالہ جبکہ 29 اگست کو بلوچستان میں احتجاج کرے گی۔

ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے کارکنان سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو گھروں سے نکلنے کی دعوت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر بیٹھے رہنے سے نہ تو غریب کے بچے کو تعلیم ملے گی اور نہ ہی غریب مریضوں کا علاج ہوگا۔

اپنے پرجوش خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف مل گیا تو پورے ملک کے مظلوموں کو انصاف ملے گا کیونکہ تحریک قصاص صرف ماڈل ٹاون تک ہی محدود نہیں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ظالم متحد ہیں جبکہ مظلوم بٹے ہوئے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کو بھی متحد ہونا ہے۔

واضح رہے کہ سربراہ پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج سے قبل ہی ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکلنا شروع ہو گئی ہیں۔ خواتین اور بچوں سمیت پاکستان عوامی تحریک کے ہزاروں کارکنان نےگوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، ڈسکہ، حافظ آباد اورمنڈی بہاؤالدین کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں اور خون کا بدلہ خون کے بھرپور نعرے لگائے۔

ریلیوں کے شرکاء نے حکومت پاکستان سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو قرار واقعی  سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری