عاشر عظیم کی فلم "مالک" کی نمائش پر لگی پابندی کالعدم قرار


عاشر عظیم کی فلم "مالک" کی نمائش پر لگی پابندی کالعدم قرار

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستانی فلم "مالک" پر وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو غیر قانونی قرار دے کر اس کی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں عاشر عظیم کی فلم "مالک" پر لگی پابندی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

مالک پر سے پابندی ہٹانے کے لیے فلم کے ہدایتکار عاشر عظیم نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فلم سینسر بورڈ کی اجازت اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریلیز کی گئی تھی لہذا حکومت کی پابندی غیرقانونی ہے۔

فلم کے مصنف، ہدایتکار، پروڈیوسر اور مرکزی کردار نبھانے والے عاشر عظیم نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ فلم میں معاشرے کے حقائق دکھائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ فلم مالک کی ریلیز سے قبل وفاقی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے فلم مالک کو سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا تاہم فلم کی ریلیز کے بعد ملک بھر میں اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ نے مذکورہ فلم کی نمائش پر لگی پابندی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عدالت کے فیصلے پر عاشر عظیم نے نہایت خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے فلم کو جلد از جلد سنیما گھروں کی زینت بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی عوام نے بھی سندھ عدالت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ خصوصا نوجوان طبقہ اس سلسلے میں خاصا پرجوش نظر آ رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری