شمالی کوریا میں سیلاب نے تباہی مچا دی، ہلاکتیں 130 سے تجاوز کر گئیں


شمالی کوریا میں سیلاب نے تباہی مچا دی، ہلاکتیں 130 سے تجاوز کر گئیں

شمالی کوریا میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے 130 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سینکڑوں لوگ لاپتہ ہیں

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق  شمالی کوریا کے جنوب مشرقی سرحدی علاقے میں سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے۔ جس کے باعث ہزاروں افراد اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوچکے ہیں۔

خبررساں ادارے ایکسپریس نیوز نے اطلاع دی ہے کہ  اس خوفناک قدرتی آفت کے نتیجے میں 35 ہزار کے قریب گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے بیشتر صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔

متاثرہ علاقے میں سڑکیں، مواصلات اور دیگر نظام زندگی مکمل طور مفلوج ہوگیا ہے۔

اقوام متحدہ نے بیان دیا ہے کہ مذکورہ سیلاب کے باعث اب تک 130 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 4 سو کے قریب لاپتہ ہیں۔

علاقے میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد ایسے ہیں جن کو فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا میں اس سے قبل بھی 2012  میں سیلاب کے باعث کم و بیش 150 افراد ہلاک اور بہت سے بےگھر ہوگئے تھے۔

خیال رہے کے ہلاکتوں اور مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا بھی قوی اندیشہ ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری