شام میں مسلح افراد کی جانب سے جنگ بندی کے پہلے ہی دن خلاف ورزی


شام میں مسلح افراد کی جانب سے جنگ بندی کے پہلے ہی دن خلاف ورزی

شام کے تمام علاقوں میں کل شام 7 بجےسے سات روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم مسلح افراد نے حلب کے شمالی مضافاتی علاقے الملاح میں شامی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکر روس امریکہ کے مابین ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم نے شام کی سرکاری نیوز ایجنسی (سانا) کے حوالے سے بتایا ہے کہ شامی چیف آف آرمی اور مسلح افواج کےکمانڈر انچیف نے اعلان کیا تھا کہ شام کے تمام علاقوں میں کل شام 7 بجےسے 7 روزہ فائر بندی کا آغاز کر دیا گیا ہے جو اتوار 18ستمبرکو رات 11:59 بجے تک جاری رہے گی۔

شامی فوج  کےکمانڈر انچیف نے اعلان کیا کہ دہشت گرد گروہوں کی طرف سے جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں حتمی جواب دینے کا حق محفوظ ہوگا۔

دوسری جانب، روسی وزارت دفاع نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی کے باوجود، اس ملک میں داعش اور النصرہ کے جنگجوؤں کے خلاف روسی طیاروں کی بمباری جاری رہے گی۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس سے پہلے کہا تھا کہ نئے منصوبے کے تحت، پیر12 ستمبر کی شام سے جنگ بندی کا آغاز ہوگا اور اگر اس میں ایک ہفتے کی جنگ بندی کا تمام گروہوں کی طرف سے احترام کیا گیا تو امریکہ روس کے ساتھ مشترکہ طور پر داعش اور النصرہ فرنٹ کو نشانہ بنانا شروع  کرے گا۔

شام میں ایک ملک گیر جنگ بندی قائم کرنے کے منصوبے پر مذاکرات روسی اور امریکی ماہرین نے جون سے شروع کئے تھے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ دمشق حکومت نے امریکہ اور روس کے شام میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔


شام میں گزشتہ پانچ برس سے خانہ جنگی جاری ہے اور اس دوران اب تک 2 لاکھ 90 ہزار کے قریب افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

تاہم خبر رساں ادارے تسنیم کے شام میں نمائندے نے کچھ دیر پہلے اطلاع دی ہے کہ مسلح افراد نے حلب کے شمالی مضافاتی علاقے الملاح میں شامی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

مسلح افراد نے شامی فوج پر عرب سلوم اور حریتان علاقوں میں بھی حملے کئے ہیں جس کے نتیجے میں شامی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی ہے۔

شامی فوج نے دہشت گرد گروہ جند الاقصی کو طیبہ الامام میں نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ جند الاقصی کی جانب سے شام میں جنگ بندی کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، دہشت گرد گروہوں نے شام میں ہونے والی جنگ بندی کی بنش اور ادلب میں مارٹر گولے فائر کرکے خلاف ورزی کی ہے۔

ان حملوں میں دسیوں افراد سمیت کئی بچے بھی زخمی ہو گئے ہیں۔

شامی فوج نے ان حملوں کے جواب میں فضائی کارروائی کی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری