افغان طالبان کی جانب سے بھارت کو افغانستان کی عسکری امداد بند کرنے کی دھمکی


افغان طالبان کی جانب سے بھارت کو افغانستان کی عسکری امداد بند کرنے کی دھمکی

افغان طالبان نے بھارت کو دھمکی دی ہے کہ وہ افغانستان کی عسکری امداد بند کر دے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، افغانستان کو فوجی امداد دینے پر افغان طالبان نے بھارت کو خبردار کردیا ہے۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ افغانستان کو عسکری امداد اور دیگر مہلک ہتھیار فراہم کرنے سے باز رہے کیونکہ ایسا کرنا ایک جنگ زدہ ملک سے دشمنی کے برابر ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ جدید ہتھیار نہ صرف افغان شہریوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں بلکہ اس سے ان کے گھر اور شہری ڈھانچہ بھی تباہ ہوتے ہیں۔

طالبان کے ترجمان نے بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ افغانستان کی عسکری امداد فوری طور پر بند کر دے۔

افغان طالبان نے گزشتہ ہفتے بھی ایک بیان جاری کر کے  بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ کابل حکومت کو فوجی سازوسامان سے متعلق امداد بند کردے۔

طالبان کی جانب سے جاری اس بیان میں کہا گیا تھا کہ افغان حکومت کے لئے بھارتی فوجی امداد افغان قوم کی مدد کرنا نہیں ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان نے نئی دہلی کی جانب سے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ افغان حکومت کے لئے بھارتی فوجی امداد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان عدم اعتماد اور تعلقات میں کشیدگی کا باعث  بنےگی جبکہ افغان حکومت نے حال ہی میں بھارت پر مزید ہیلی کاپٹر اور فوجی سامان کی فراہمی کے لئے زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ نئی دہلی نے افغان حکومت کے مطالبات کا مثبت جواب دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ کابل کے مطالبات سے بڑھ کر مدد کی جائے گی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری