ملتان میں ریل حادثے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


ملتان میں ریل حادثے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

ملتان سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں خوفناک تصادم ضلع ملتان کے شہر شیر شاہ کے قریب ہوا.

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، ملتان کے قریب عوام ایکسپریس اور مال گاڑی میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تا حال 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

افسوس ناک واقعے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت نازک ہے۔

تفصیلات کے مطابق، مال گاڑی کے نیچے ایک شخص آکر ہلاک ہو گیا تھا، جس پر مال گاڑی رک گئی تھی۔

قریبا 15 منٹ بعد ملتان سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس ٹرین پیچھے سے کھڑی مال گاڑی سے زوردار دھماکے سے ٹکراگئی۔

تصادم اس قدر خوفناک تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی اور عوام ایکسپریس کا انجن اور 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جب کہ مال گاڑی کی بھی 5 بوگیاں تصادم کے تنیجے میں پٹڑی سے اتر گئیں۔

تصادم کے بعد مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو عملے کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں ہاتھ بٹانے لگے۔

مقامی رہائشیوں کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنا پر زخمیوں اور ریل گاڑی میں پھنسے ہوئے مسافروں کو خوراک اور پانی دینے کے بھی مناظر سامنے آئے۔

ڈائریکٹر ویجیلنس ریلوے صائمہ بشیر کے بیان کے مطابق، مذکورہ حادثہ عوام ایکسپریس کے ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا کیونکہ مال بردار گاڑی کے رکتے ہی سگنل سرخ کر دیا گیا تھا لیکن عوام ایکسپریس کے ڈرائیور نے سگنل نہیں دیکھا جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔

زخمی ہونے والے مسافروں کو  فوری طور پر ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق، 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ملتان کے نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور عوام سے  خون کے عطیات کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ٹرین حادثے کے تیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری