سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی ہے، معاملہ انسانی حقوق کی عالمی عدالت میں اٹھائیں گے


سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی ہے، معاملہ انسانی حقوق کی عالمی عدالت میں اٹھائیں گے

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے حکومتی اداروں سے انصاف نہ ملنے کے بعد معاملہ یورپی یونین اور جینیوا میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ  ڈاکٹر طاہر القادری گذشتہ شب اپنے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق تمام ثبوت لے کر برطانیہ روانہ ہو چکے ہیں جہاں وہ اس سانحے کے حوالے سے برطانوی وکلاء سے مشاورت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، قادری ماڈل ٹاؤن سانحے کا مقدمہ انسانی حقوق کی عالمی عدالت میں دائر کریں گے کیونکہ انہوں نے اس سانحے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

وہ اس مقصد کے لئے گذشتہ شب برطانیہ روانہ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے ہر قیمت پر اپنے کارکنوں کے خون کا انصاف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس کے لئے ہمیں جینیوا بھی جانا پڑا تو ضرور جائیں گے۔

انہوں نے تحریک قصاص کے پہلے مرحلے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا دوسرا مرحلہ کسی وقت بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ نہ جانے کی وجہ امن کی پاسداری ہے۔ ہم رائیونڈ کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز نہیں بنانا چاہتے تاہم رائیونڈ کی جانب مارچ خارج از امکان نہیں اگر ہمیں کسی جانب سے انصاف نہ ملا تو ہم وہاں بھی جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ انصاف کے حصول کے لئے انہیں جس حد تک جانا پڑا وہ ضرور جائیں گے۔

سربراہ عوامی تحریک نے مزید کہا کہ امید کی جا رہی ہے کہ وہ برطانیہ سے 2 ہفتے بعد پاکستان لوٹیں گے۔

ان کو برطانیہ رخصت کرنے کے لئے لاہور ائرپورٹ پر تحریک کے کارکنان موجود تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری