حیدر علی نے پیرالمپکس 2016 میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا


حیدر علی نے پیرالمپکس 2016 میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا

برازیل کے شہر ریو میں منعقد پیرالمپکس 2016 میں لونگ جمپ کے مقابلے میں پاکستان کے حیدر علی نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے  پیرالمپکس 2016 میں لونگ جمپ کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔

31 سالہ حیدر علی نے 6.28 میٹر لمبی چھلانگ لگا کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

جبکہ چین اور برازیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے 6.77 اور 6.53 میٹر لمبی چھلانگ لگا کر بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔

حیدر علی نے اپنے فیس بک پیغام میں اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے حیدر علی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بیان دیا ہے کہ یہ ہم سب کے لئے فخر کا لمحہ ہے۔

جبکہ نوجوانوں نے انٹرنیٹ پر موجود سماجی ویب سائٹس پر حیدر علی کی کامیابی پر بہت خوشی اور جوش و جذبے کا اظہار کیا ہے۔

بعض شائقین نے اس کامیابی کو حیدر علی کی جانب سے قوم کو عید کا تحفہ قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ 2008 میں چین کے شہر بییجنگ میں منعقد ہونے والے پیرالمپکس میں حیدر علی نے لونگ جمپ کے ہی مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری