مہمند ایجنسی خودکش دھماکہ؛ شہدا کی تعداد 36 ہوگئی


مہمند ایجنسی خودکش دھماکہ؛ شہدا کی تعداد 36 ہوگئی

نماز جمعہ کے دوران مسجد کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید 8 نمازی چل بسے جس کے باعث شہدا کی تعداد 36 تک جا پہنچی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار کے علاقے بٹہ مینہ میں مسجد کے قریب دہشتگرد کارروائی میں زخمی ہونے والے 8 نمازیوں کے اسپتال میں دم توڑ دینے سے شہادتوں کی تعداد 36 تک جا پہنچی ہے۔

زخمی ہونے والے نمازیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم چند زخمی افراد کو بعد ازاں باجوڑ ایجنسی اور پشاور کے ہسپتالوں میں بھیجا گیا تھا۔

شہدا کی تدفین کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مقامی حکومت نے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 3 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 1 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ علاقے میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کر کے سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروہ جماعت الاحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نماز جمعہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

دوسری طرف، واشنگٹن کی طرف سے جاری بیان میں مسجد پر حملے کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری