عالمی ٹیسٹ کرکٹ کی حکمرانی کا تاج پاکستان کے سر سج گیا


عالمی ٹیسٹ کرکٹ کی حکمرانی کا تاج پاکستان کے سر سج گیا

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون ٹیم بننے کی ٹرافی وصول کرلی

تسنیم نیوز کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے مصباح الحق کو اعزاز سے نوازا۔

ای ایس پی این کرک انفو نے اطلاع دی ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والی تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے 111 پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سرفہرست رہنے والی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ٹرافی پیش کی۔

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ میری زندگی کے بہترین دنوں میں سے ایک اور کرکٹ کیرئیر کا خوشگوار ترین دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہوم گرائونڈ پر کھیلے بغیر دنیا کی نمبر ون ٹیم بنے ہیں جو پاکستان، میرے اور تمام کھلاڑیوں کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی تمام ٹیموں نے اپنے ریکارڈز ہوم گرائونڈ پر بہتر بنائے مگر ہم نے مختلف گراؤنڈز پر دنیا کی بہترین ٹیموں کو شکست دے کر نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہو۔

اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بجا طور پر اس اعزاز کا مستحق ہے۔

انہوں نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابل تعریف ہے کہ مارچ 2009 سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچ منعقد نہ ہونے کے باوجود پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

خیال رہے کہ اگر بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم ایک نمبر کے فرق سے اس وقت دوسری پوزیشن پر ہے۔ اگر بھارت عنقریب ہونے والی نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز جیت جاتا ہے تو پاکستان سے پہلی پوزیشن کا اعزاز بھارت کو چلا جائے گا۔

جبکہ متحدہ عرب امارات میں آیندہ ماہ ہونے والی ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز جیت کر پاکستان اپنی پوسیشن مستحکم بنا سکتا ہے۔

دھیان رہے کہ جو بھی ٹیم یکم اپریل 2017 کو پہلی پوزیشن پر ہوگی، آئی سی سی کی جانب سے 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعام کی مستحق ٹھہرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئن شپ کا منفرد اعزاز حاصل کرنے والا پانچواں ملک بن گیا ہے۔ پہلی پوزیشن پر رہنے تک یہ اعزاز اور ٹرافی پاکستان کے پاس رہے گی۔

یاد رہے اس سے قبل جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز پہلی بار اپنے نام کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری