آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی مرکز کھاریاں کا دورہ/ خصوصی ویڈیو رپورٹ


آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی مرکز کھاریاں کا دورہ/ خصوصی ویڈیو رپورٹ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں کے نزدیک قائم جدید ترین سہولیات سے لیس قومی انسداد دہشت گردی مرکز کا دورہ کیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، قومی انسداد دہشت گردی مرکز کے مقاصد میں بین الاقوامی افواج کو سہولیات بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پاکستان فوج کے ساتھ تربیت اور مشقوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، جدید اضافوں کے باعث قومی انسداد دہشت گردی مرکز مدمقابل افواج کے مقابلہ میں انسداد دہشت گردی کی تربیت کے بہترین مرکز میں تبدیل ہو گیا ہے۔

پاک افواج کے سربراہ کو لیفٹننٹ جنرل عمر فاروق درانی کمانڈر آف اسٹرائک کورپس کی جانب سے اس سنٹر کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

اس خصوصی دورے میں جنرل راحیل شریف کو بتایا گیا کہ اب تک اس مرکز میں 2 لاکھ 31 ہزار نفوس ہائے افواج اور چونتیس سو تیراسی پولیس افسران اور سول آرمڈ فورسز کے افراد کو تربیت دی جا چکی ہے.

انہوں نے بتایا کہ اس مرکز میں دہشتگردی کے خلاف تربیت دینے کے علاوہ پانچ دوست ممالک جن میں ترکی، بحرین، سری لنکا، مالدیپ اور ترکی شامل ہیں، کے ساتھ مشترکہ مشقیں بھی ہو چکی ہیں.

چیف آف آرمی سٹاف نے ان سب افراد کی خدمات کو سراہا جنہوں نے اس بہترین اور جدید سہولیات سے لیس مرکز کو بھرپور انداز میں استعمال کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ قابلیت کو استحکام بخشنے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے اور اس عفریت کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں بھی دی ہیں۔

تاہم ہم نے کافی حد تک دہشت گردی کا قلعہ قمع کر دیا ہے جو کہ پوری قوم کے جذبے اور ہماری افواج کی پیشہ ورانہ قابلیت کی وجہ سے ممکن ہو سکا ہے۔

افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ کسی کے ذہن میں یہ شک بھی نہیں ہونا چاہئے کہ ہماری باحوصلہ مسلح افواج کے پاس قابلیت و اہلیت موجود نہیں ہے۔

انہوں نے قوم کی مدد سے پاکستان کے خلاف تمام خطرناک عزائم کو خاک میں ملانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہر قیمت پر پاکستان کے چپے چپے کے دفاع کرنے کا اعلان کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری