پاک بھارت کشیدگی سے ثقافت بھی متاثر/ ہندوستان میں ہونے والی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ

خبر کا کوڈ: 1194757 خدمت: پاکستان
عالیشان پاکستان

پاک بھارت کشیدگی کے باعث آئندہ ماہ اکتوبر میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والی عالیشان پاکستان نمائش منسوخ کرنی پڑگئی۔

خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ثقافت جیسے لطیف اور خوبصورت شعبے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے مطابق، عالیشان پاکستان نمائش آئندہ ماہ اکتوبر میں نئی دہلی میں منعقد ہونی تھی۔

تاہم پاکستان اور بھارت کے مابین دن بدن بڑھتی ہوئی کشیدگی کی تپش سے یہ ثقافتی نمائش جھلس کر رہ گئی ہے۔

اس سے قبل مذکورہ نمائش کا وقت ایک مہینہ آگے کیا گیا تھا لیکن اس بار بھارت کی جانب سے ٹال مٹول ہتھکنڈوں کے باعث عالیشان پاکستان نمائش منسوخ کرنی پڑگئی ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالیشان پاکستان نمائش کی منسوخی کا فیصلہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھارت میں عالیشان پاکستان نمائش دو بار ہوچکی ہے۔

بھارتی تاجروں و صنعتکاروں نے روایتی تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کی منسوخی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں بھارت میں اس قسم کی نمائش ہرگز نہیں کی جاسکتی۔

جبکہ اکتوبر میں نمائش منعقد ہونے کے پیش نظر بعض نمائش کنندگان کا سامان بھی دہلی پہنچ چکا تھا۔

خیال رہے کہ عالیشان پاکستان میں پاکستانی ملبوسات، دستکاری اور پاکستان کی تہذیب اور ثقافت کو ظاہر کرتی دیگر مصنوعات کی نمائش ہونی تھی۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری