جرمنی کے بعد امریکہ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پر احتجاج


جرمنی کے بعد امریکہ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت پر احتجاج

بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے چند روز بعد ہی امریکی شہر ہیوسٹن میں بھی احتجاج کیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ”فرینڈز آف کشمیر“ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

بھارتی قونصلیٹ کے باہر ہونے والے احتجاج میں امریکہ کے مختلف شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کے خلاف اور کشمیری شہریوں کے حق میں نعرے بازی کی۔

شرکاء کا مطالبہ تھا کہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی  مظالم بند کرائے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کا مطالبہ بھی کیا جن پر بھارت مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔

واضح رہے کہ احتجاج کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ ہیوسٹن آبادی کے لحاظ سے ٹیکساس کا سب سے بڑا اور امریکہ کا چوتھا بڑا شہر ہے۔

اتنے بڑے شہر میں کشمیریوں کے حق میں احتجاج ہونے سے بھارت کو یہ سچ تسلیم کر لینا چاہئے کہ اب مسئلہ کشمیر پوری دنیا تک پہنچ چکا ہے اور عالمی برادری بھارتی مظالم سے بخوبی واقف ہو چکی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری