مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہ تھا اور نہ ہوگا، ملیحہ لودھی


مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہ تھا اور نہ ہوگا، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے جواب میں پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ان کے کشمیر کے متعلق دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پچاس سال سے بھارت ہمسایہ ملکوں میں دہشت گردی کی معاونت کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نماائندے نے یاد دلایا کہ ڈھائی ماہ میں 100 سے زائد کشمیری شہید جبکہ سینکڑوں بینائی سے محروم ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات کا مقصد عالمی برادری کی کشمیری خواتین اور بچوں پر ظلم سے توجہ ہٹانا ہے۔

انہوں نے پاکستانی وزیراعظم کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن کوتحقیقات کرنے دے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کے اعترافات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت کی پاکستان میں مداخلت ریکارڈ پرموجود ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے واضح کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے مذاکرات کا حامی ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے بھی بھارت کو مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے پرامن اور بامقصد مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے آج صبح (منگل) کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ بھارت نے پاکستان سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن جواب میں ہمیں پٹھان کوٹ اور اڑی جیسے واقعات ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور رہے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری