پاکستان پیپلز پارٹی کا پاک بھارت صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ


پاکستان پیپلز پارٹی کا پاک بھارت صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ

پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی نے حکومت سے پاک بھارت صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، پاک بھارت کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے حکومت سے پیر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاک بھارت حالیہ تعلقات پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پورا ہفتہ چلایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف حکومت اور اپوزیشن نہیں بلکہ پورے پاکستان کا معاملہ ہے لہٰذا اس پر تفصیلی اور کھل کر بحث ہونی چاہئے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کشمیر کے معاملے کو بھرپور طریقے سے نہیں اٹھا سکے لہٰذا انہیں نیویارک جانے سے قبل اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے بلوچستان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ بلوچستان پاکستان کا اندرونی جبکہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر پر بھارت کے جارحانہ رویے کا بھرپور جواب دینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی آئے دن نیا مسئلہ کھڑا کر کے اپنی قوم کو متحد کررہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آ کر بریفنگ دیں اور قوم کو بتایئں کہ پاکستانی حکومت کیا کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایوان میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں نے بھی پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلانے کے مطالبے  کی حمایت کی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری