مشکل حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایرانی سفیرکا محبت بھرا پیغام


مشکل حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ایرانی سفیرکا محبت بھرا پیغام

ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ ایران، پاکستان سے تعلقات کو زیادہ فوقیت دیتا ہے، دونوں ممالک کی ایک منزل ہے جبکہ مشکل حالات میں ایران، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔

تسنیم نیوز کے مطابق، پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے پریس کلب اسلام آباد کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کھل کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کو اپنی ترجیح بتایا۔

نوائے وقت نے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کے حوالے سے بتایا ہے کہ خطے میں ایران اور پاکستان جیسے قریبی ممالک اور کوئی نہیں ہیں۔ کوئی بھی ملک ایران کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کر سکتا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت اب بہت مضبوط ہیں۔

کشمیر کے تنازعے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پورے خطے کیلئے تشویشناک ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پرمذاکرات کی ایران حمایت کرتا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل دونوں ملکوں کے لیے بہتر ہو گا۔

انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کا پرامن حل نکالے۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آئی ٹی، بجلی اور دیگر اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی گیس سے پاکستان کی صنعتوں کی صورتحال بہتر ہو گی جبکہ ایرانی بجلی سے نہ صرف توانائی کے بحران میں مدد ملی گی بلکہ ملک میں خوشحالی بھی ہو گی۔

مہدی ہنر دوست نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی را کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کے معاملے پر ایران پر الزام لگایا گیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ اس سے ایران کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان سے ایران میں داخل ہونے والے دہشت گرد پکڑے گئے لیکن نہ تو ہم نے پاکستان سے کوئی شکایت کی اور نہ ہی ایرانی ذرائع ابلاغ نے شور مچایا جبکہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر پاکستانی میڈیا کی جانب سے منفی پراپیگنڈہ کیا گیا۔

انہوں نے تاکید کی کہ ایران پاکستان سے شکایت اس لئے نہیں کرتا کہ ہم دیرینہ دوست ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایران دہائیوں تک بڑی طاقتوں کے سامنے کھڑا رہا اور اس  کی قیمت بھی چکائی۔

وہ پریس کلب اسلام آباد کی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری