بھارتی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، سرحد پر بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج


بھارتی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، سرحد پر بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان میں تعینات بھارتی سفیر گوتم بمبے والا کو جمعرات کی شام طلب کیا اور سرحد پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق, سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور سرحد پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا۔

ریڈیو پاکستان نے خبر دی ہے کہ انہوں نے نام نہاد اسٹریجیکل حملوں کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد دعوے کو بھی مسترد کردیا۔

خارجہ سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں مسلح افواج بھرپور جواب دیں گی۔

سیکرٹری خارجہ نے سرحد پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی بھی مذمت کی۔

اعزاز احمد چوہدری  کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے دانستہ طور پر سرحد پر کشیدگی بڑھارہا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز  بھارت کی جانب سے کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔

صدر پاکستان ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جارحیت پر شدید مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی سنگین خلاف ورزی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

اس سے پہلے بھی بھارت کی جانب سے کئی بار ایسی جارحیت دکھائی جا چکی ہے جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانیوں کو شہید اور املاک کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری