پاکستانی سینما مالکان کا بھارتی فلموں کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ، پوسٹرز ہٹا دیے گئے


پاکستانی سینما مالکان کا بھارتی فلموں کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ، پوسٹرز ہٹا دیے گئے

پاک بھارت کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ردعمل میں پاکستانی سینما مالکان نے بھارتی فلموں کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔

گذشتہ روز سرحد پر بھارت کی تازہ ترین جارحیت کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے، جس کے ردعمل میں جہاں پاکستانی حکام کے مذمتی پیغامات سامنے آئے ہیں وہیں پاکستان کے سینما مالکان نے سرحد پر حالیہ کشیدگی اور بھارتی جارحیت کے بعد بھارتی فلموں کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

روزنامہ پاکستان نے خبر دی ہے کہ پاکستان کے تمام سینماﺅں سے بھارتی فلمیں ہٹائی جارہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینما مالکان اس فیصلے کا آج باقاعدہ اعلان بھی کر دیں گے۔

اسی سلسلے میں پاکستان کے جنوبی پنجاب کے اہم ترین شہر ملتان کے تمام سینما گھروں سے بھارتی فلموں کے پوسٹرز بھی ہٹا لیے گئے ہیں۔

سنیما گھروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ بھارتی فلمیں ہٹا کر پاکستانی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ سینما مالکان نے کہا ہے کہ وہ غیر معینہ مدت تک بھارتی فلمیں نہیں لگائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی عوام کی جانب سے سینما مالکان کے اس فیصلے کو خوب سراہا جا رہا ہے اور اس عمل کو کشمیری بھائیوں کے ساتھ پیغام یکجہتی قرار دیا جا رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری