نواز شریف محرم تک خود کو احتساب کے لئے پیش کر دیں ورنہ حکومت نہیں کرنے دیں گے


نواز شریف محرم تک خود کو احتساب کے لئے پیش کر دیں ورنہ حکومت نہیں کرنے دیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو محرم تک کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ محرم تک خود کو احتساب کے لئے پیش کر دیں ورنہ اسلام آباد بند کر دیں گے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رائیونڈ میں عوامی جلسہ کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے نواز حکومت اور نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا اور حالات حاضرہ کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر کا بھی تذکرہ کیا۔

خبررساں ادارے جیو نے ان کے خطاب سے نقل کیا ہے کہ اگر سرحد پر معاملات خراب نہیں ہوتے تو یہ جلسہ دھرنے میں تبدیل ہوجاتا اور لوگ یہاں حکومت کے خاتمے تک بیٹھے رہتے۔

انہوں نے رائیونڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج نواز شریف کو محرم تک کی مہلت دے رہا ہوں اور اعلان کر رہا ہوں کہ محرم کے بعد ان کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔

عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف، وزیردفاع خواجہ آصف اور پی ٹی وی کے چیئرمین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ درباری لوگ نوازشریف کو خوش کرنے کیلئے ہر حربہ آزماتے ہیں۔

عمران خان نے پانامہ لیکس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس الزام نہیں، ثبوت ہے اور قوم اس سلسلے میں انصاف چاہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مغرب ہم سے اس لئے آگے ہے کہ وہاں ادارے مضبوط ہیں، وہاں کے وزیراعظم پر الزام لگے تو وہ پہلے ہی استعفیٰ دے دیتا ہے۔

نواز شریف کے جنرل اسمبلی کے خطاب کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اقوام متحدہ میں دل سے تقریر نہیں کی، مودی بھی یہی کہتا ہے کہ نواز شریف سے زبردستی تقریر کرائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی پاکستان سے اتنا پیسہ اکٹھا کریں گے کہ کبھی قرضوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ جس وقت کرپشن کا نظام ختم ہوگا اس ملک کے تمام معاملات ٹھیک ہوجائیں گے اور ہر طرف خوشحالی ہوگی۔

عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو للکارتے ہوئے کہا کہ مودی کان کھول کر سن لو سب پاکستانی متحد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جنگوں پر یقین نہیں رکھتا، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دو ممالک کو جنگ نہیں کرنا چاہیے۔ فوج کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔

مودی تم متعصب اور انتہا پسند ہو،بھارت میں کوئی واقعہ ہو تو انگلی پاکستان کی جانب اٹھا دی جاتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مودی نے مجھ سے ملاقات میں بات چیت سے مسئلہ حل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب ہو کر کہا کہ ہر پاکستانی نوازشریف نہیں ہے۔ نوازشریف کو دیکھ کر کہیں آپ کو غلط فہمی نہ ہوجائے۔ پوری پاکستانی  قوم اپنی فوج کے ساتھ اکٹھی کھڑی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر حال میں کشمیریوں کی حمایت کریں گے۔

مسئلہ کشمیر کو ہر حال میں حل کرنا ہوگا۔ یہ مسئلہ بندوق سے حل نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں یہ سب وزیر اعظم بننے کے لیے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے کر رہا ہوں، غریب کسانوں اور مزدوروں کیلئے کر رہا ہوں۔

انہوں نے حوالہ دیا کہ نواز شریف کی اسٹیل مل چل رہی ہے جبکہ پاکستان اسٹیل مل بند ہو گئی ہے۔

ملک کی اقتصادی حالت ایسی ہے کہ نوجوان باہر جانا چاہتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستانی مایوس نہ ہوں، ملک کو ٹھیک کرنا کوئی مشکل کام نہیں۔ ہم ادارے مضبوط کریں گے اور نیب سمیت تمام اداروں کو ٹھیک کریں گے۔

وہ رائیونڈ میں اپنے کارکنوں کی بڑی تعداد سے خطاب کر رہے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری