پاک بھارت کشیدگی؛ خطے کے دیگر ممالک کا اظہار تشویش، اقوام متحدہ کی ثالثی کی پیشکش


پاک بھارت کشیدگی؛ خطے کے دیگر ممالک کا اظہار تشویش، اقوام متحدہ کی ثالثی کی پیشکش

ایران، چین اور روس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پراظہار تشویش کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ دونوں ملک اپنے مسائل کے حل کے لئے طاقت کے بجائے مذاکرات کا استعمال کریں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے بیچ تناؤ پر عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس زمرے میں ایران، چین اور روس کے بیانات سامنے آئے ہیں۔

بیجنگ نے پاکستان کے کشمیر پر موقف کو اہم اور سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گہری نگاہ ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے مسئلہ کشمیر کو مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر بھی زور دیا۔

روسی وزارت خارجہ کے مطابق، لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی قابل تشویش ہے۔

ماسکو کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے سیاسی اور سفارتی ذرائع استعمال کرنے چاہییں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی سے ملاقات کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لئے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے مطابق، بان کی مون نے دونوں ممالک پر کشیدگی ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ چند ماہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔

اس تناؤ کو کم کرنے کے لئے خطے کی دیگر طاقتوں کے بیانات سامنے آئے ہیں۔

جبکہ اقوام متحدہ نے بھی ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔

اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاک بھارت کشیدگی کو خطے کے لئے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

تہران سے جاری بیان میں بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ صورتحال سے دہشت گردوں کو فائدہ ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو امن خراب کرنے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری