ترکی میں 20 ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشن بند کرنے کا حکم


ترکی میں 20 ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشن بند کرنے کا حکم

ترک حکومت نے جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد نافذ ایمرجنسی کے تحت 20 ٹیلی ویژن اور ریڈیو اسٹیشنوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ترکی میں ناکام فوجی بغاوت پر حکومت کا رد عمل تھمنے میں ہی نہیں آ رہا۔

تازہ اطلاعات کے مطابق، ترکی میں 20 ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشن بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ان نشریاتی اداروں کے دہشتگردانہ پروپیگنڈے میں ملوث ہونے کے شبہ میں یہ حکم جاری ہوا ہے۔

جن ٹیلی ویژن اور ریڈیو اسٹیشنوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں سے اکثریت کا تعلق کرد کمیونٹی سے ہے یا پھر ترکی کی علوی برادری سے۔

ٹیلی وژن چینل آئی ایم سی کے نیوز ایڈیٹر حمزہ اکتان کے مطابق، ان ذرائع ابلاغ کی بندش اس لیے ضروری ہے کہ وہ آزاد ادارے تھے جو کرد علاقے میں جاری فوجی کاروائیوں کی کوریج میں مصروف تھے۔

دوسری جانب ترک وزیر انصاف نے کہا ہے کہ ملک کی مختلف جیلوں کے 1500 ملازمین کو بھی معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ترک حکام نے عدالتی اور جیلوں کے نظام میں بھی گولن تحریک کے حمایتی درجنوں اسٹاف ملازمین کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے ہیں۔

اناطولیہ خبر ایجنسی کے مطابق، استنبول کے پراسیکیوٹرز نے عدالتوں کے 87 ملازمین اور جیلوں کے 75 ورکنگ اسٹاف کی گرفتاری کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد ہزاروں کی تعداد میں جج حضرات، فوج اور دیگر اداروں سے افسران کو گرفتار اور عہدوں سے بےدخل کیا جا چکا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری