ایران نے جوہری معاہدے کی پاسداری کی ہے


ایران نے جوہری معاہدے کی پاسداری کی ہے

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے اسلامی جمہوری ایران کی طرف سے جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے فرانسیسی اخبار لی مونڈے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے  تمام وعدے پورے کردئے ہیں۔

یوکیا نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹامک انرجی کی طرف سے بھیجے گئے نمائندوں نے رپورٹ دی ہے کہ تہران نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے تمام وعدے پورے کردئے ہیں اور اس میں کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل یوکیا نے مزید کہا کہ تہران کو جامع ایٹمی معاہدے کے بعد داخلی اور بیرونی سیاسی مخالفین کی طرف سے  شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس کے باوجود تہران نے اس معاہدے کی پاسداری کی ہے۔

امانو کا کہنا تھا کہ فروری کے مہینے میں معمولی نوعیت کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی تھی اور ایران نے بھاری پانی کے ذخائر میں قدرے اضافہ کرکے 130 ٹن تک پہنچایا تھا جبکہ ایجنسی کی جانب سے ایران کو اس سلسلے میں باخبر کیا گیا۔

واضح رہے کہ فروری کے مہینے میں ایران کے بھاری پانی کی مقدار بڑھ کر130.9 ٹن ہوگئی تھی۔

گزشتہ سال جولائی میں ایران اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل ممبران کے درمیان جامع ایٹمی معاہدہ طے پایا تھا جس کے نتیجے میں ایران پر عائد عالمی پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری