پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے سیاچن میں جلسہ


پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے سیاچن میں جلسہ

دنیا کے بلند ترین محاذِ جنگ سیاچن گلیشیئر کے دامن میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے عوامی جلسہ کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک کے دفاع کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

سیاچن کے عوام نے اپنے انہی جذبات کو سرحد پار تک پہنچانے اور دفاع وطن کی عظمت کے اظہار کے لئے برف پوش سیاچن میں عوامی جلسے کا انعقاد کیا۔

تفصیلات کے مطابق، سیاچن گلیشیئر کے سب ڈویژن مشہ بروم کے گاؤں مچلوں میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام جلسے کا انعقاد کیا گیا۔

جلسے میں سیاچن کے تمام دیہاتوں سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حتیٰ کہ خون جما دینے والی ٹھنڈ کے عالم میں خواتین کی بڑی تعداد بھی پاکستان سے اپنی محبت کے اظہار کے لئے جلسہ گاہ میں موجود تھی۔

جلسے سے خطاب میں صوبائی وزیر گلگت بلتستان محمد شفیق نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے لئے ہے۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلے بھی سیاچن کے محاذ پر ذلت آمیز شکست کا مزہ چکھ چکا ہے، اب دوبارہ دست درازی کی صورت میں مشہ بروم سب ڈویژن کے تمام لوگ پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ دشمن کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

واضح رہے کہ جلسے میں سخت سردی کے باوجود لوگوں نے جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی پچھلے چند ماہ سے شدت اختیار کئے ہوئے ہے۔

طرفین کے عسکری حکام کی جانب سے ایک دوسرے کو للکارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دونوں ممالک کے سیاسی حلقے بھی لفظی جنگ کے محاذ پر ایک دوسرے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔

انٹرنیٹ پر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹوں پر بھی طرفین کا ایک دوسرے کو تنقید اور مزاح کا نشانہ بنانے کا عمل اپنے عروج پر ہے۔

غرض یہ کہ ہر کوئی اپنے اپنے مقام پر اپنا محاذ کھولے بیٹھا ہے۔ ایسے میں پاکستانی فوج سے محبت کرنے والی پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کی حمایت اور اظہار یکجہتی کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔

مغربی سرحد کے پختون عوام  اور قبائلی سرداروں کے بعد دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن پر ہونے والا مذکورہ عوامی جلسہ اس حقیقت کی قوی دلیل ہے کی پاکستانی عوام کے دل پاک افواج کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ملک کے دفاع کی خاطر پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری