نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے، حامد علی موسوی


نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے، حامد علی موسوی

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حامد علی موسوی نے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنما علامہ حامد علی موسوی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ملک اور عزاداری کے تحفظ کے لئے نیشنل ایکشن پلان کو نہایت اہم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے خلاف پاکستان کا ازلی دشمن بھارت طرح طرح کی سازشوں میں مصروف ہے جنہیں اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے دفاع وطن کے لئے پاک فوج کے ساتھ  کھڑے ہونے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

راولپنڈی میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکز علی مسجد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں علامہ سید حامد علی شاہ موسوی کا مزید کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہداء صدیوں سے جاری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رخنہ اندازی قبول نہیں کی جائے گی۔

فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے دینی اقدار کی پاسبانی اور اہداف اسلامی کے حصول کیلئے شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوئے۔

امام عالی مقام کی استقامت نے ثابت کردیا کہ خاصان الٰہی کسی بھی دور میں اور کسی مقام پر یزیدیت، آمریت اور استعماریت کے سامنے ہرگز نہیں جھکتے۔ 

اس موقع پر انہوں نے محرم الحرام کے دوران عزاداران امام حسین علیہ السلام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجالس و جلوس ہائے عزا کے دوران نظم و ضبط اور پابندی وقت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام علماء و ذاکرین اتحاد بین المسلمین، بقائے دین و وطن اور سلامتی و استحکام کو ہر شے پر ترجیح دیں۔

وہ راولپنڈی میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے مرکز علی مسجد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری