امریکہ کا پاک بھارت سرحدی کشیدگی پر تبصرہ کرنے سے انکار


امریکہ کا پاک بھارت سرحدی کشیدگی پر تبصرہ کرنے سے انکار

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ الزبتھ ٹروڈو کہتی ہیں کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور بھارت کے ساتھ رابطے میں ہیں تاہم پاک بھارت سرحد پر پیش آئے واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان سے آئے روز ڈو مور کا مطالبہ کرنے والے امریکہ نے پاکستانی علاقے میں بھارت کی جارحیت پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو صبر کی تلقین کی ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ الزبتھ ٹروڈو نے بریفنگ میں دونوں ممالک پر زور دیا ہےکہ وہ تحمل سے کام لیں۔

انھوں نے کہا کہ پاک بھارت افواج ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے روابط ضروری ہیں لہٰذا امریکہ دونوں ممالک کی قیادت سے رابطے میں ہے۔

الزبتھ ٹروڈو نے کہا ہے کہ پاک بھارت سرحد پرپیش آئے واقعات کی مخصوص رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گی تاہم کشمیر پر ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سا تھ ہمارے رابطے کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کے بھارتی قیادت کے ساتھ رابطے میں رہنے اور تحمل سے کام لینے کی نصیحت کے باوجود، بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی معمول بن گیا ہے۔

آئے روز بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری ہو رہی ہے جس ک نتیجے میں پاکستان کا جانی اور مالی نقصان ہو رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری