کراچی سے 16 دہشت گرد گرفتار / خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد


کراچی سے 16 دہشت گرد گرفتار / خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے 9 جبکہ بے نظیر آباد سے 7 دہشت گردوں کو خودکش جیکٹ اور اسلحے سمیت گرفتارکیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، محکمہ انسداد دہشتگردی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ) نے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے 9 دہشتگرد گرفتار کر لئے جبکہ پولیس نے بے نظیر آباد میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

نارتھ کراچی سے گرفتار دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر اور کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے۔

شیعت نیوز نے انچارج محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) راجہ عمر خطاب کے بیان سے نقل کیا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک خود کش جیکٹ، 4 بلاک بم، چار دستی بم، چار نائن ایم ایم پستولیں اور آئی ای ڈیز برآمد کر لیں۔

انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق، کارروائی کے دوران محمود برمی نامی ایک ایک خود کش بمبار فرار ہو گیا۔ جس کی گرفتاری کے لئے کاروائی کی جا رہی ہے۔

راجہ عمر خطاب کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں نے ایم پی اے منظر امام سمیت دیگر مذہبی اور سیاسی کارکنوں کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔

دوسری جانب شہید بینظیر آباد سے گرفتار کئے گئے 7 دہشت گردوں کے قبضے سے پاک فوج اور پولیس کی وردیوں کے علاوہ جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ کراچی چونکہ نہایت حساس شہروں میں آتا ہے اس لئے وہاں جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی گاڑیاں گشت کرتی نظر آتی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری