پاک چین اقتصادی راہداری کی مسلسل نگرانی کے لئے سیارچے کی تیاری


پاک چین اقتصادی راہداری کی مسلسل نگرانی کے لئے سیارچے کی تیاری

سندھ کے وزیرِ مواصلات سید نثار حسین شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور چین اقتصادی راہداری کی مسلسل نگرانی کے لئے ایک مشترکہ سیارچے کی تیاری پر کام کررہے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاک چین اقتصادی راہداری کی مسلسل نگرانی کے سلسلے میں پاکستان اور چین مل کر ایک سیارچے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز نے خبر دی ہے کہ جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلینٹری آسٹروفزکس میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کی چوتھی قومی کانفرنس میں افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران نثار حسین شاہ نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی سے ہماری زندگی کے تقریباً ہر شعبے میں انقلاب انگیز تبدیلیاں آئی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آج خلائی ٹیکنالوجی کا اطلاق صرف دفاعی شعبے تک محدود نہیں رہا ہے بلکہ اسے واصلاتی نظام سے لے کر بندرگاہوں کی مینجمنٹ  اور طب و صحت جیسے میدانوں تک میں استعمال کیا جارہا ہے۔

پاکستان میں خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر بات کرتے ہوئے وزیرِ مواصلات نے انکشاف کیا کہ پاکستان اور چین مشترکہ طور پر ایک ایسے مصنوعی سیارچے پر کام کررہے ہیں جو پاک چین اقتصادی راہداری پر نظر رکھے گا۔

تاہم وزیر مواصلات سندھ نے یہ نہیں بتایا کہ اس سیارچے کی تکمیل میں کتنا وقت لگے گا، اسے کب تک خلا میں بھیجا جائے گا اور اس کی تیاری میں چین کے ساتھ کون کون سے پاکستانی ادارے تعاون کر رہے ہیں۔

اس موقعے پر جامعہ کراچی میں شعبہ جغرافیہ کے پروفیسر ڈاکٹر جمیل حسن کاظمی نے بھی خلائی سائنس و ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری