آرمی چیف کی حمایت میں ایک بار پھر بینرز آویزاں

خبر کا کوڈ: 1209889 خدمت: پاکستان
آرمی چیف

غیر معروف سیاسی تنظیم "موو آن پاکستان" کی جانب سے لگائے گئے ان بینرز پر اس بار "اور نہیں کچھ ۔۔۔ بس پاکستان" تحریر ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی مصروف شاہراہوں پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی حمایت میں ایک بار پھر بینرز لگادئے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق، ان نئے بینرز پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصویر کے ساتھ گذشتہ ماہ 29 ستمبر کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستان کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 2 فوجیوں کی تصاویر بھی دی گئی ہیں۔

جبکہ ساتھ میں "نعرہ تکبیر"، "اللہ ہو اکبر" اور "نصر من اللہ و فتح قریب" بھی تحریر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر موو آن پاکستان کے سینٹرل چیف آرگنائزر علی نے بتایا کہ 'یہ بینرز حال ہی میں لائن آف کنٹرول پر ہونے والے سانحے کے تناظر میں لگائے گئے ہیں، جس میں ہندوستان کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانی فوجی جاں بحق ہوئے۔

انھوں نے مزید کہا کہ 'ہندوستانی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد کھڑی ہے اور موو آن پاکستان بھی اس سلسلے میں ہم آواز ہے۔

موو آن پاکستان کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم صرف پاکستان کی بقاء چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے، جب موو آن پاکستان کی جانب سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی حمایت میں بینرز لگائے گئے۔

یہ تنظیم رواں برس فروری میں اس وقت عوام کی توجہ کا مرکز بنی جب اس نے آرمی چیف کی حمایت میں ملک بھر میں پوسٹرز اور بینرز لگائے، جن میں آرمی چیف سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور ملک سے کرپشن اور ہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ان بینرز پر درج تھا، ’جانے کی باتیں جانے دو'۔

یہ بینرز آرمی چیف کے اُس بیان کے بعد لگائے گئے تھے، جس میں انھوں نے ملازمت میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مقررہ وقت پر ریٹائر ہوجائیں گے، واضح رہے کہ آرمی چیف راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں سال نومبر میں ختم ہوجائے گی۔

    تازہ ترین خبریں
    خبرنگار افتخاری